پاکستان اپنی حفاظت کرنا جانتا ہے، قربانیوں کی بنیاد پر قائم ہے: جنرل عاصم منیر
کاکول:
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کی دفاعی تیاری اور غیرمتزلزل عزم کا بھرپور اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف زندہ قوم ہے بلکہ ایک ناقابلِ تسخیر قوت ہے، جو اپنی تاریخ، قربانیوں اور ایمان سے طاقت حاصل کرتی ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ:
“ہماری بنیاد دو قومی نظریے پر رکھی گئی ہے، اور یہی نظریہ آج بھی پاکستان کے وجود، نظریاتی سرحدوں اور شناخت کا بنیادی ستون ہے!”
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے بانیوں نے ایک الگ مسلم ریاست کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، اور وہ اس یقین کے ساتھ اُٹھے تھے کہ مسلمان ایک الگ قوم ہیں، جن کی شناخت، مذہب اور اقدار منفرد ہیں۔
جنرل منیر نے بھارت کے میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کی جانب سے پاکستان کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوششوں کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا:
“ہماری تاریخ کوئی فیس بُک پوسٹ نہیں کہ کوئی بھی بدل ڈالے۔ پاکستان نظریے پر بنا تھا، اور اسی پر قائم رہے گا!”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام متحد ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ کوئی بیرونی خطرہ، کوئی سازش، کوئی پروپیگنڈا ہمارے جذبے کو کمزور نہیں کر سکتا۔
“ہم جانتے ہیں کہ وطن کی حفاظت کیسے کی جاتی ہے، اور جو بھی میلی آنکھ سے دیکھے گا، اسے ہماری فولادی عزم کا سامنا کرنا پڑے گا!”